ممبئی – بالی ووڈ کی معروف جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ اس خوشخبری کا اعلان دونوں اداکاروں نے سوشل میڈیا پر ایک مشترکہ پوسٹ کے ذریعے کیا۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں جوڑے نے لکھا کہ انہوں نے اپنے “خوشیوں کے تحفے” کو دنیا میں خوش آمدید کہا ہے۔ کترینہ اور وکی نے اس لمحے کو اپنی زندگی کا سب سے خوشگوار اور یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی محبت و نیک خواہشات پر اظہارِ تشکر کیا۔
پوسٹ میں بچے کی پیدائش کی تاریخ کا ذکر کیا گیا، تاہم بچے کا نام تاحال ظاہر نہیں کیا گیا۔
وکی کوشل کے بھائی اور اداکار سنی کوشل نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر جوڑے کی پوسٹ شیئر کی اور لکھا کہ وہ اب “چچا بن گئے ہیں۔”
ادھر بالی ووڈ کی نامور شخصیات جیسے مادھوری ڈکشٹ، پری نیتی چوپڑا، شریا گھوشال اور زویا اختر سمیت کئی ساتھی فنکاروں نے بھی جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
