ارجنٹینا میں ’فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز‘ کی اسکریننگ کے دوران سینما کی چھت گرنے کا واقعہ، ایک خاتون زخمی
ارجنٹینا کے شہر لا پلاٹا میں اس وقت خوفناک صورتحال پیدا ہو گئی جب ایک مصروف سینما ہال میں ہالی ووڈ کی ہارر تھرلر فلم ’فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز‘ کی اسکریننگ کے دوران چھت کا ایک حصہ اچانک گر گیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہو گئیں اور سینما ہال میں بھگدڑ مچ گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ فلم کی 16 مئی کو ریلیز کے بعد کی ایک کامیاب اسکریننگ کے دوران پیش آیا، جب موسلا دھار بارش کے سبب چھت کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا۔
دلچسپ اور چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ جس فلم کی نمائش جاری تھی، اس کی کہانی بھی پراسرار اموات سے گھری ایک فیملی پر مبنی ہے اور سینما میں پیش آنے والا یہ حقیقی حادثہ فلم کی تھیم سے غیر معمولی مماثلت رکھتا ہے۔
زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت ویلاورڈے کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنی 11 سالہ بیٹی اور ایک دوست کے ہمراہ فلم دیکھنے آئی تھیں۔ انہوں نے حادثے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا:
"اچانک ایک زور دار آواز آئی، لیکن ہم نے سمجھا کہ یہ فلم کا حصہ ہے کیونکہ ہم مکمل طور پر مگن تھے۔ پھر ملبے کا ایک ٹکڑا مجھ پر آ گرا۔ خوش قسمتی سے میں جھکی ہوئی تھی، اس لیے سر کی چوٹ سے بچ گئی، لیکن کندھے، کمر، گھٹنے اور ٹخنے زخمی ہو گئے۔”
حادثے کے بعد سینما ہال میں ایک بڑا سوراخ نمودار ہو گیا، جبکہ ملبہ ادھر اُدھر بکھر گیا۔ خوفزدہ تماشائی چیختے چلاتے ہوئے باہر نکلنے لگے، اور موقع پر بھگدڑ جیسا منظر پیدا ہو گیا۔
مقامی حکام نے تعمیراتی نقص کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ سینما کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے تاکہ مکمل معائنہ کیا جا سکے۔
اس افسوسناک واقعے کے باوجود، ’فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز‘ عالمی باکس آفس پر کامیاب کارکردگی دکھا رہی ہے اور شائقین کی دلچسپی برقرار ہے۔