پاکپتن: تھانہ بڑا گھر کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق دو نامعلوم مشکوک موٹر سائیکل سواروں نے روکنے پر پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر دم توڑ گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ہلاک ملزم کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ موقع سے موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ہلاک ملزم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ننکانہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرکل بڑا گھر ایوب ساہی بھی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
