راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ کسی ایک دہشت گرد کی کارروائی کی وجہ سے بے گناہ شہریوں کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔
بلوچستان کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوج انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کے ذریعے کارروائیاں کرتی ہے تاکہ دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جا سکے مگر عام شہری محفوظ رہیں۔
انہوں نے میجر محمد انور کاکڑ کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جنہوں نے گوادر حملے کے دوران کئی دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور وطن کے لیے جان قربان کی۔
لیفٹیننٹ جنرل چوہدری نے خبردار کیا کہ جو لوگ دہشت گردوں کو پناہ دیں گے یا دھماکا خیز مواد چھپائیں گے وہ قانون کے کٹہرے میں آئیں گے، لیکن پوری آبادی کو کسی ایک فرد کے عمل پر سزا نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام خود دہشت گردوں کے خلاف کھڑے ہیں اور ان کی موجودگی کی اطلاع حکام کو دے رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی گئی ہے اور یہ اتحاد لسانی یا علاقائی تفریق سے بالاتر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں صرف بلوچ ہی نہیں بلکہ 30 فیصد سے زائد آبادی پشتونوں پر مشتمل ہے، جبکہ صوبے سے زیادہ بلوچ ملک کے دیگر حصوں اور بیرون ملک مقیم ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ تعلیم یافتہ بلوچ نوجوان اب اپنا مستقبل خود سنوار رہے ہیں، جس کی مثال سائنسدان سمد یار جنگ، فائٹر شاہ زیب رند اور خاتون ڈپٹی کمشنرز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ "لا الہ الا اللہ” ہی پاکستان کی اصل روح ہے جو سب کو ایک قوم بناتی ہے۔
