صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے ملک میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے اور بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تحقیق و ترقی اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی حل اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے یہ بات برلن میں جرمن ٹیکنالوجی کمپنی سیمنز کے صحت کے شعبے سے وابستہ اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صحت، صنعت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں جرمنی کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ملاقات میں سیمنز کے ایگزیکٹو نائب صدر ڈینیئل فریش اور حکومتی امور کی سربراہ ویرونیکا فسٹر نے شرکت کی۔ سیمنز کے وفد نے صدر کو پاکستان میں اپنی سرگرمیوں اور صحت کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے جاری تعاون کے بارے میں آگاہ کیا۔
وفد نے بتایا کہ کمپنی کے نمائندے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ صحت کے شعبے میں استعداد کار بڑھانے اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جا سکیں۔ کمپنی کا تعاون کینسر، فالج اور دیگر بیماریوں کے علاج سے متعلق ٹیکنالوجی پر بھی محیط ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ معیاری اور قابلِ استطاعت طبی سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہیں، خصوصاً دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے افراد کو بہتر صحت کی خدمات فراہم کرنا ضروری ہے۔
سیمنز کے نمائندے نے سندھ کے محکمۂ صحت کے اقدامات کو سراہا اور پاکستان کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور اختراعی حل کے ذریعے تعاون مزید بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
صدر نے سیمنز کو پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے اور صحت کے علاوہ دیگر سماجی اور صنعتی شعبوں میں بھی تعاون کو وسعت دینے کی دعوت دی۔ انہوں نے اس سلسلے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے ذریعے مکمل ادارہ جاتی تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے صوبائی وزرا اور جرمنی میں پاکستان کے سفیر سلمان شریف بھی موجود تھے۔
