اسلام آباد: پاکستان نے افغان طالبان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے خواتین اور بچیوں پر عائد پابندیاں ختم کرے اور افغان سرزمین سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے خلاف سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔
یہ مطالبہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تھرڈ کمیٹی میں افغانستان کی انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق خصوصی نمائندے کے ساتھ انٹرایکٹو ڈائیلاگ کے دوران پاکستان کے کونسلر محمد جواد اجمل نے کیا۔
محمد جواد اجمل نے کہا کہ افغانستان میں خواتین اور بچیوں کو بنیادی انسانی حقوق، آزادی اور عزت و وقار سے محروم رکھنا طالبان حکومت کی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے انحراف کا عکاس ہے۔ انہوں نے ان پابندیوں کو اسلامی تعلیمات اور روایات کے بھی منافی قرار دیا۔
پاکستانی نمائندے نے افغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے)، مجید بریگیڈ، القاعدہ، داعش خراسان اور ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ سمیت مختلف گروہوں کی سرگرمیاں خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں اور قومی سلامتی کو درپیش مسلسل دہشت گرد حملوں کے معاملے پر خاموش نہیں رہ سکتا اور ضرورت پڑنے پر بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے دفاع کا حق استعمال کرے گا۔
محمد جواد اجمل نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ افغانستان کے کمزور اور متاثرہ مہاجرین کی مدد کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی، تاہم اس انسانی ذمہ داری کو نبھانے میں اسے عالمی برادری کی جانب سے مطلوبہ مالی اور عملی تعاون حاصل نہیں ہوا۔
پاکستانی نمائندے نے افغانستان میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
پاکستان نے واضح کیا کہ وہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، تاہم اس مقصد کے لیے افغان سرزمین کو پاکستان یا کسی دوسرے پڑوسی ملک کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ضروری ہے۔
