ورلڈ وائیڈ فنڈ فار نیچر (ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان) کے مطابق کراچی سے تقریباً 40 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں بحیرہ عرب میں 45 فٹ لمبی نایاب اسپرم وہیل دیکھی گئی ہے۔ یہ مشاہدہ سمندری حیات کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ سندھ کے ساحلی پانیوں میں اسپرم وہیل کی موجودگی کا یہ پہلا ریکارڈ شدہ مشاہدہ بتایا جا رہا ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ٹیکنیکل ایڈوائزر محمد معظم خان کے مطابق یہ وہیل ادارے کے بورڈ ممبر زاہد میمن کی قیادت میں ہونے والی سمندری مہم کے دوران دیکھی گئی۔ مہم کے دوران بنائی گئی ویڈیو میں وہیل کے سانس لینے کے مخصوص سوراخ، جلد پر موجود نشانات اور نمایاں کوہان کو ریکارڈ کیا گیا، جس کی مدد سے ماہرین نے اس کی شناخت اسپرم وہیل کے طور پر کی۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق پاکستان کے سمندری پانیوں میں وہیل اور ڈولفن کی 26 اقسام ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ تاہم سمندری آلودگی، ماہی گیری کے جالوں میں پھنسنے اور بحری جہازوں سے ٹکرانے جیسے خطرات ان جانوروں کی بقا کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ ادارے نے نایاب سمندری حیات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات، ذمہ دارانہ ماہی گیری اور مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
