31 جولائی 2025
کینیڈا کے دور دراز شمالی علاقے یوکون میں ایک زیرِ زمین خطرہ، جو ہزاروں سال سے خاموشی سے پنپ رہا ہے، اب بیدار ہونے کے قریب ہے — اور ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اس کا اثر ڈاسن سٹی اور اطراف کی آبادی پر شدید ہو سکتا ہے۔
ایک نئی تحقیق کے مطابق، جو "جیوفزیکل ریسرچ لیٹرز” میں شائع ہوئی ہے، ٹنٹینا فالٹ — جو ایک ہزار کلومیٹر طویل زمینی دراڑ ہے اور یوکون سے الاسکا تک پھیلی ہوئی ہے — صدیوں سے خاموشی سے تناؤ اکٹھا کر رہی ہے۔ اب سائنس دانوں کو یقین ہے کہ یہ فالٹ ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں 7.5 شدت یا اس سے زیادہ کا زلزلہ کسی بھی وقت آ سکتا ہے۔
"دہائیاں گزر گئیں، ہمیں یہاں چھوٹے موٹے جھٹکوں کے سوا کچھ نظر نہیں آیا، ایسا کچھ نہیں جسے خطرناک کہا جائے،” تحقیق کے مرکزی مصنف اور یونیورسٹی آف وکٹوریا سے حالیہ پی ایچ ڈی گریجویٹ تھیرون فنلے نے بتایا۔ "لیکن جب ہم نے زمینی ریکارڈ کا بغور جائزہ لیا، تو صورتحال خاصی تشویشناک نظر آئی۔”
فنلے اور ان کی ٹیم نے ڈرون، سیٹلائٹ اور فضائی آلات کے ذریعے 130 کلومیٹر لمبے فالٹ کے ایک حصے کا مطالعہ کیا۔ ان کی تحقیق میں لاکھوں سال پرانے شدید زلزلوں کے نشانات ملے — زمین میں بڑی دراڑیں اور تہیں جو 26 لاکھ سال سے لے کر محض 1 لاکھ 32 ہزار سال پہلے تک کے زلزلوں کی گواہی دیتی ہیں۔
ایک فالٹ اسکارپ (زمین کی سطح پر واضح دراڑ) میں 1000 میٹر (تقریباً 3280 فٹ) کی تبدیلی دیکھی گئی۔ ایک اور جگہ زمین 75 میٹر (250 فٹ) تک کھسک چکی تھی۔ لیکن گزشتہ 12 ہزار برس — جو مکمل ہولوسین دور پر محیط ہیں — اس فالٹ نے کوئی بڑا جھٹکا نہیں دیا۔یہ خاموشی خطرے کی گھنٹی ہے، نہ کہ اطمینان کا سبب۔
"یہ کہ پچھلے کئی ہزار سال سے کوئی زلزلہ نہیں آیا، اس کا مطلب یہ نہیں کہ سب محفوظ ہیں،” فنلے نے خبردار کیا۔ "اس کا مطلب ہے کہ زمین اندر ہی اندر دباؤ سے بھر چکی ہے۔ ہماری تحقیق کے مطابق، اب تک تقریباً 6 میٹر (20 فٹ) کا تناؤ جمع ہو چکا ہے۔”
اگر یہ توانائی اچانک خارج ہوئی تو اس کا نتیجہ دنیا کے مہلک ترین زلزلوں میں سے کسی ایک کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔ اگرچہ یوکون کی آبادی کم ہے، اس لیے جانی نقصان ہیتی یا چین جیسے ممالک جیسا نہیں ہو گا، لیکن بنیادی ڈھانچے کی تباہی، زمینی کٹاؤ اور ممکنہ اموات کے امکانات اب بھی موجود ہیں۔
تحقیق میں بنائے گئے ماڈلز کے مطابق، یہ علاقہ زلزلے کے لیے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ لیکن یہ کوئی نہیں جانتا کہ فالٹ کب پھٹے گا۔
"ہم بس مسلسل مشاہدہ، تحقیق اور مقامی آبادی کو تیار رکھنے کی کوشش کر سکتے ہیں،” فنلے نے کہا۔ "زمین جب چاہے گی، ہلے گی ہمیں صرف تیار رہنا ہے۔”
فی الحال، ڈاسن سٹی ایک خاموش پہاڑ کے سائے تلے موجود ہے — ایک ایسا پہاڑ جو پچھلے 12 ہزار سال سے حرکت میں نہیں آیا۔ اب صرف سوال یہ ہے: یہ کب ہلے گا؟
