انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ٹیسٹ بیٹرز میں انگلینڈ کے جو روٹ نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ پاکستان کے سعود شکیل ایک درجہ بہتری کے بعد 10ویں سے 9ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیوڈ کانوے 7 درجے ترقی کر کے 34ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک ایک درجہ بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی نے شاندار ترقی کرتے ہوئے 15 درجے چھلانگ لگائی اور 48ویں پوزیشن حاصل کر لی۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی فہرست میں بھارت کے ابھیشک شرما بدستور سرفہرست ہیں، جبکہ تلک ورما دو درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلے گئے۔ نیوزی لینڈ کے ٹم سائیفرٹ دو درجے بہتری کے بعد 9ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
جنوبی افریقہ کے ڈیوالڈ بریوس سات درجے تنزلی کے بعد 15ویں نمبر پر آ گئے، جبکہ ایڈن مارکرم نے آٹھ درجے بہتری کے ساتھ 29ویں پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان کے بابر اعظم ایک درجہ نیچے آ کر 31ویں نمبر پر چلے گئے۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ میں بھارت کے ورن چکرورتھی نے اپنی پہلی پوزیشن مزید مضبوط کر لی ہے، جبکہ پاکستان کے ابرار احمد چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ ارشدیپ سنگھ چار درجے بہتری کے بعد 16ویں اور جنوبی افریقہ کے مارکو ینسن 14 درجے ترقی کے بعد 25ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں پاکستان کے صائم ایوب پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ محمد نواز بدستور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ بھارت کے شیوَم دوبے چار درجے بہتری کے بعد 16ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
