قائدِ اعظم ٹرافی فائنل کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر سیالکوٹ نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 12 رنز بنا لیے۔
اوپنرز اذان اویس 7 اور محمد ہریرا 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر جمے ہوئے ہیں۔ کراچی بلیوز نے سیالکوٹ کو کامیابی کے لیے مجموعی طور پر 533 رنز کا بڑا ہدف دیا ہے۔
کراچی بلیوز نے دوسری اننگز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 458 رنز اسکور کیے، جہاں ہارون ارشد نے 116 اور عبداللّٰہ فضل نے 114 رنز کی عمدہ سنچریاں بنائیں۔
سیالکوٹ کی جانب سے اسامہ میر نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حسنین نے 3 جبکہ حمزہ نذر اور حسن علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کراچی بلیوز نے پہلی اننگز میں 340 جبکہ سیالکوٹ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 266 رنز بنائے تھے۔
ادھر پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بھی فائنل میں 76 رنز کی اننگز کھیل کر فرسٹ کلاس کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کر لیے، اور یوں وہ یہ سنگِ میل عبور کرنے والے پاکستان کے 31ویں بیٹر بن گئے۔
