انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی شاندار فتح کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹیم مینیجر اور مینٹور سرفراز احمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ یہ پاکستان کی انڈر 19 ایشیا کپ میں دوسری کامیابی ہے، اس سے قبل 2012 میں پاکستان اور بھارت مشترکہ چیمپئن قرار پائے تھے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں شان مسعود نے کھلاڑیوں کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے ٹیم مینیجر اور مینٹور سرفراز احمد کے ساتھ کوچنگ اسٹاف کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
شان مسعود نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک یادگار اور قابلِ فخر دن ہے، انڈر 19 ٹیم نے بڑے مقابلے میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کے دل جیت لیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے نڈر انداز، غیرمعمولی اعتماد، ذہنی مضبوطی اور بہترین ٹیم ورک کے ذریعے ثابت کیا کہ وہ دباؤ میں بھی اعلیٰ کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
شان مسعود نے خصوصی طور پر سرفراز احمد اور ان کے کوچنگ اسٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی اور تجربے نے اس تاریخی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
