میلبورن: بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے پانچویں میچ میں میلبورن اسٹارز نے ہوبارٹ ہریکینز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔
میلبورن اسٹارز کی فتح میں تجربہ کار فاسٹ بولر پیٹر سڈل اور کپتان مارکس اسٹوئنس نے مرکزی کردار ادا کیا۔ پیٹر سڈل نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس کی بدولت ہوبارٹ ہریکینز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا سکی۔ ہریکینز کی جانب سے بین میکڈرموٹ نے 69 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں میلبورن اسٹارز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 15 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔ کپتان مارکس اسٹوئنس نے 31 گیندوں پر 62 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ کیمبل کیلاوے 41 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔ دونوں کے درمیان 101 رنز کی شراکت نے میچ یکطرفہ بنا دیا۔
میلبورن اسٹارز کی جانب سے حارث رؤف اور مارکس اسٹوئنس نے بھی 2،2 وکٹیں حاصل کیں، یوں اسٹارز نے آل راؤنڈ کارکردگی کے ساتھ شاندار کامیابی حاصل کی۔
