سپریم جوڈیشل کونسل (SJC) نے ان ججوں کے نام عام کرنے کی تجویز مسترد کر دی ہے جن کے خلاف شکایات ختم کر دی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ کونسل کی موجودہ پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے کیا گیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں آرٹیکل 209 کے تحت دائر 24 شکایات کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 19 شکایات متفقہ طور پر خارج کر دی گئیں جبکہ 5 کو مزید غور کے لیے مؤخر کر دیا گیا۔
اجلاس میں جسٹس منیب اختر، جسٹس عالیہ نیلم، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، اور جسٹس منصور علی شاہ (ویڈیو لنک کے ذریعے) شریک ہوئے۔
کونسل نے سپریم جوڈیشل کونسل سیکریٹریٹ سروس رولز 2025 کے مسودے کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انکوائری کے طریقہ کار اور ضابطہ اخلاق میں ترمیم کو مزید قانونی اور مسوداتی جائزے کے بعد طے کیا جائے گا۔
