دیامر – گلگت بلتستان اسکاوٹس کے دو اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا جب دہشتگردوں نے جمعہ کی صبح قراقرم ہائی وے کے قریب چلاس میں ان کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
ایس ایس پی دیامر عبدالحمید کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے رات تقریباً 12 بجکر 15 منٹ پر پہاڑی مقام سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں نائب صوبیدار خوش داد اور حوالدار اشرف شہید ہوگئے جبکہ لانس نائیک ساجد علی زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے دستی بم اور گولیوں کے خول برآمد ہوئے جبکہ چیک پوسٹ پر 17 گولیوں کے نشانات پائے گئے۔ دہشتگرد حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن کو سبوتاژ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بھی واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت کی۔
