کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت میں خوفناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے چوکیدار اور اس کے دوست کو باندھ کر بے دردی سے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ سریاب لنک شاہوانی روڈ پر پیش آیا، جہاں 22 سالہ ضیاءالرحمن اور اس کے دوست شاہد گل کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ دونوں کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول ضیاءالرحمن پلاسٹک کے گودام میں چوکیدار تھا جبکہ اس کا دوست شاہد گل اس سے ملاقات کے لیے آیا ہوا تھا۔ ضیاءالرحمن کا تعلق لورالائی اور شاہد گل کا لکی مروت سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
