لاہور: لاہور کے علاقے سندر میں دو سگی بہنوں سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے مقدمے کی تفتیش سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) چوہنگ کے حوالے کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کی درخواست پر مقدمے کی تفتیش سی سی ڈی چوہنگ منتقل کی گئی، جو اب اس کیس کی مزید کارروائی کرے گی۔
یہ واقعہ دو روز قبل پیش آیا تھا، جس پر متاثرہ لڑکیوں کی والدہ کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں پانچ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
نامزد ملزمان میں قاسم، عمیر جٹ، علی اکبر وٹو، ضیاء الرحمٰن اور احمد رضا شامل ہیں، جن میں سے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ایک کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش شفاف انداز میں کی جائے گی اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
