لاہور میں تھانہ کاہنہ پولیس نے تین سال قبل اپنے نانا کے قتل میں ملوث اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کاہنہ فہیم امداد نے ٹیم کے ہمراہ کچوانہ گاؤں میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔ یہ کارروائی ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی، جنہوں نے اے ایس پی کاہنہ فصیح الرحمٰن کو خصوصی ٹاسک سونپا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ قریبی رشتہ داروں کے درمیان گھریلو تنازع کا نتیجہ تھا، جس دوران ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ اپنے رشتے دار کے گھر پر دھاوا بولا۔
جھگڑے کے دوران مقتول جمعہ خان کو ڈنڈے اور اینٹ لگنے سے سر پر شدید چوٹیں آئیں، جو بعد ازاں اسپتال میں جان لیوا ثابت ہوئیں۔ پولیس کے مطابق ملزم علی خبیب واردات کے بعد گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہو گیا تھا۔
گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او کاہنہ فہیم امداد اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
