چھتیس گڑھ، بھارت — بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے شہر جش پور میں ایک خاتون نے گھریلو جھگڑے کے دوران اپنے شوہر کو ہتھوڑے کے وار سے قتل کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد خاتون نے لاش کو سوٹ کیس میں بند کرکے اپنی بیٹی کو فون پر اعتراف جرم بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق منگریتا نامی خاتون حال ہی میں ممبئی سے واپس آئی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز میاں بیوی کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس پر منگریتا نے طیش میں آکر اپنے شوہر سنتوش بھگت کو ہتھوڑا مار کر ہلاک کردیا۔
قتل کے بعد ملزمہ نے لاش کو کمبل میں لپیٹ کر سوٹ کیس میں ڈال دیا اور اپنی شادی شدہ بیٹی کو فون کرکے بتایا کہ ’’میں نے تمہارے باپ کو قتل کر دیا ہے‘‘۔ بیٹی فوری طور پر گھر پہنچی اور پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر سوٹ کیس کھولا تو اس میں سنتوش بھگت کی لاش کمبل میں لپٹی ہوئی ملی، جس کے چہرے اور ہاتھوں پر واضح تشدد کے نشانات تھے۔
پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں منگریتا کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ ملزمہ کے ممبئی فرار ہونے کی اطلاعات کے بعد اس کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
