کراچی – جمعرات کی صبح بلوچ کالونی تھانے کی حدود منظور کالونی میں موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کے دوران فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق زخمی اہلکار کی شناخت 38 سالہ ظہیر عباس ولد محمد نصیب کے نام سے ہوئی، جو درخشاں تھانے میں تعینات ہے۔ وہ گھر سے کورٹ جانے کے لیے نکلا تھا کہ تین مسلح ملزمان نے اسے روک کر نئی موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کی جس سے وہ کندھے کے قریب گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
زخمی پولیس اہلکار کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان اہلکار کا ذاتی پستول لے گئے تاہم علاقہ مکینوں کے شور مچانے پر موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ فائرنگ کی آواز سن کر دیکھا تو پولیس اہلکار زمین پر گرا ہوا تھا جبکہ ملزمان موٹر سائیکل اسٹارٹ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن شور سن کر موقع سے بھاگ گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی ملزمان کو گھبراہٹ میں موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج میں ان کے چہرے بھی واضح ہیں۔
ایس ایچ او بلوچ کالونی مظہر کانگو کے مطابق اہلکار نے پولیس یونیفارم پر سادہ شرٹ پہن رکھی تھی جس کی وجہ سے ملزمان نے شاید اسے عام شہری سمجھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اہلکار نے دو ہفتے قبل نئی موٹر سائیکل خریدی تھی۔
علاقہ مکینوں نے شکایت کی کہ گلی میں آئے روز وارداتیں ہوتی ہیں، دو دن قبل بھی ایک شہری کو اسی مقام پر لوٹا گیا تھا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
