میکسیکو کی فوج نے ریاست سینالوا میں ایک بڑے منشیات فروش گروہ کے مبینہ سربراہ فاؤستو اسیڈرو میزا فلورس کو فوجی کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا ہے، جو ’’ایل چاپو اسیڈرو‘‘ کے نام سے مشہور ہے۔
یہ گرفتاری جمعہ 20 نومبر 2026 کو شہر گواسَاوے میں عمل میں آئی۔ فوجی کارروائی کے دوران میکسیکو کی سکیورٹی فورسز اور مسلح گروہ کے ارکان کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
میکسیکو کی وزارتِ دفاع کے مطابق کارروائی کے دوران فوجی اہلکاروں کو فائرنگ اور دھماکہ خیز مواد سے حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ مسلح افراد نے قریبی علاقوں میں سڑکیں بھی بند کر دیں۔
شہر میں فائرنگ کے واقعات کے باعث کوروڈا پارک اسٹیڈیم میں جاری بیس بال میچ بھی متاثر ہوا۔ فائرنگ کی آوازیں سن کر کھلاڑیوں اور تماشائیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف بھاگنا شروع کر دیا۔ اس صورتحال کے باعث وینیڈوس ڈی مازاتلان اور الگودونیرس ڈی گواسَاوے کے درمیان میچ روک دیا گیا۔
گرفتار ہونے والا میزا فلورس مبینہ طور پر میزا فلورس کرمنل آرگنائزیشن، جسے لاس مازاتلیکوس بھی کہا جاتا ہے، کا سربراہ ہے۔ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کو اس کی منشیات کی مبینہ اسمگلنگ کے الزامات پر تلاش تھی، جن میں کوکین، ہیروئن، میتھ ایمفیٹامین، فینٹانائل اور چرس کی اسمگلنگ شامل ہے۔
ایف بی آئی نے اسے اپنی انتہائی مطلوب 10 مفرور ملزمان کی فہرست میں شامل کر رکھا تھا اور اس کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات پر 50 لاکھ ڈالر انعام مقرر کیا تھا۔
میکسیکو کے حکام کے مطابق اس کارروائی میں امریکہ نے بھی معاونت فراہم کی۔ گرفتاری کے بعد میزا فلورس کو مبینہ طور پر میکسیکو سٹی منتقل کر دیا گیا۔
