20 اگست ،2025
کراچی – شہر کے مختلف علاقوں میں بدھ کے روز بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے موسم خوشگوار ہوا لیکن شہریوں کو ٹریفک اور پانی کی نکاسی کے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
بارش شارع فیصل، پی ای سی ایچ ایس، گلشن اقبال، صدر، ایئرپورٹ، نرسری، گلزار ہجری اسکیم 33، سہراب گوٹھ سپر ہائی وے اور جناح اسپتال کے اطراف میں ریکارڈ کی گئی۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔
محکمہ شہری سہولیات کے مطابق گزشتہ روز کی بارش کا پانی مرکزی شاہراہوں جیسے شارع فیصل سے نکال دیا گیا تھا، تاہم ایف ٹی سی، بلوچ کالونی اور ملیر ہالٹ کے علاقوں میں پانی اب بھی جمع ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت سندھ کے دیگر جنوبی اضلاع میں مزید بارش کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
