ستمبر 15، 2025
ویب ڈیسک
اسلام آباد:
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مغربی ہواؤں اور بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہواؤں کے باعث ملک کے بالائی علاقوں میں 15 ستمبر کی شام سے 19 ستمبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول دیر، چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی اور وزیرستان میں 16 سے 19 ستمبر تک بارش اور طوفانی ہواؤں کا امکان ہے۔ اسی طرح پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، نیلم ویلی، پونچھ، کوٹلی اور میرپور جبکہ گلگت بلتستان کے دیامر، سکردو، ہنزہ اور غذر میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پنجاب اور اسلام آباد میں مری، گلیات، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سمیت دیگر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
18 اور 19 ستمبر کو بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث مقامی ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے سے کچے مکانات، بجلی کے کھمبے، بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اسی لیے شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خطرناک یا کمزور علاقوں میں جانے سے اجتناب کریں۔
متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اور بروقت حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔
