انڈے صرف ناشتے کی غذائیت نہیں، بلکہ دل کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہو سکتے ہیں۔ روزانہ کی خوراک میں معتدل مقدار میں انڈے شامل کرنے سے نہ صرف جسم کو پروٹین ملتا ہے، بلکہ یہ دل کی بیماریوں کے خطرے کو بھی کم کر سکتے ہیں۔
چین کی پیکنگ یونیورسٹی کے محققین کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ خون میں دل کے لیے مفید مرکبات کی مقدار ان لوگوں میں زیادہ پائی گئی جو معتدل مقدار میں انڈے کھاتے تھے۔
تحقیق میں تقریباً 4,778 شرکاء کو شامل کیا گیا، جن میں کچھ کے دل کے مسائل تھے اور کچھ کے نہیں۔ محققین نے خون کے نمونے لے کر 225 قسم کے مرکبات کا تجزیہ کیا۔ان لوگوں میں جو معتدل مقدار میں انڈے کھاتے تھے، “اےپو لیپوپروٹین A1” کی سطح زیادہ تھی۔ یہ وہ پروٹین ہے جو اچھے کولیسٹرول کا حصہ بنتا ہے اور خون کی نالیوں سے اضافی کولیسٹرول نکالنے میں مدد دیتا ہے، جس سے دل کے دورے اور اسٹروک کے خطرے میں کمی آتی ہے۔
محققین نے نشاندہی کی کہ جو لوگ زیادہ انڈے نہیں کھاتے تھے، ان کے خون میں مفید مرکبات کم اور نقصان دہ مرکبات زیادہ پائے گئے۔ اس سے یہ سمجھا جاتا ہے کہ انڈے اعتدال سے کھانے سے دل کی بیماری کے خلاف تحفظ حاصل کیا جا سکتا ہے۔تحقیق کے مصنف کے مطابق، موجودہ غذائی رہنما اصولوں کے مطابق چین میں روزانہ ایک انڈا کھانے کی سفارش کی جاتی ہے، مگر عام طور پر لوگ اس سے کم کھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معتدل انڈوں کے استعمال کو بڑھانے کے مزید طریقے تلاش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مجموعی طور پر دل کی بیماری کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔
