محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے ہزاروں ملازمین کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ سرکاری رہائش یا ہاسٹل میں مقیم ہونے کے باوجود سفری الاؤنس حاصل کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس معاملے کی نشاندہی پہلے کی گئی تھی تاہم سرکاری احکامات کے باوجود اب تک ہزاروں ملازمین کو سفری الاؤنس کی ادائیگی جاری ہے۔
محکمہ صحت حکام کے مطابق صوبے کے چند بڑے ہسپتالوں میں رہائش پذیر ملازمین سے ہی سفری الاؤنس کی کٹوتی کی جارہی ہے جبکہ باقی زیادہ تر ملازمین اب بھی یہ سہولت لے رہے ہیں۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے کہ سرکاری گھروں یا ہاسٹلز میں قیام پذیر تمام ملازمین کی فہرست مرتب کی جائے اور ان کا سفری الاؤنس فوری طور پر بند کیا جائے۔
کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ ایسے ملازمین سے 2017 سے اب تک وصول کیا گیا سفری الاؤنس واپس ریکور کیا جائے۔
