نومبر 7، 2025
ویب ڈیسک
ویٹیکن سٹی میں جمعہ، 7 نومبر کو پوپ لیو چہار دہم نے اطالوی کانفرنس آف میجر سپیریئرز (CISM) کی 65ویں جنرل اسمبلی کے شرکاء سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پوپ نے مذہبی برادریوں کی قیادت میں ’’سینودال طرزِ حکمرانی‘‘ اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رہنماؤں کو ’’جمود‘‘ اور ’’خودمرکزی‘‘ رویوں سے گریز کرتے ہوئے اپنے بھائیوں میں امید اور نیا جذبہ پیدا کرنا چاہیے۔
اسمبلی کا موضوع “امید کی حکمرانی: ایک سینودال کلیسیا میں حکمرانی کے انداز اور صورتیں” رکھا گیا تھا۔ پوپ نے کہا کہ کلیسیا ہمیشہ اپنے وقت کے چیلنجز کا سامنا کرتی آئی ہے اور آج بھی مسیح کا پیغام دنیا کے ہر کونے تک پہنچانے کی ذمہ داری ادا کر رہی ہے۔
پوپ لیو نے زور دیا کہ رہنماؤں کو ’’شفاف فیصلوں، جواب دہی اور باہمی مکالمے‘‘ کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے تاکہ خودغرضی اور سخت رویوں سے بچا جا سکے۔ انہوں نے ’’ذمہ داریوں کی باقاعدہ تبدیلی‘‘ کو ضروری قرار دیا تاکہ اداروں میں تازگی اور زندگی برقرار رہے۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی برادریوں کی بڑھتی ہوئی ثقافتی تنوع کو ’’ایک جیتی جاگتی تنظیم‘‘ سمجھا جائے جو مسلسل نگہداشت، ترقی اور تجدید کی محتاج ہے۔ پوپ کے مطابق قیادت کی خدمت کو ایسا ہونا چاہیے جو ’’امید پیدا کرے اور دوسروں کی خدمت کے جذبے کو مضبوط بنائے‘‘۔
آخر میں پوپ لیو چہار دہم نے سینٹ آگسٹین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خدا کی تلاش ایک اجتماعی سفر ہے، جہاں ہر فرد اپنے علم اور تجربے کو دوسروں کے ساتھ بانٹتا ہے یہی سینودال روحِ اخوت کی اصل بنیاد ہے۔
