ستمبر 12، 2025
ویب ڈیسک
لاہور : پنجاب میں حالیہ بارشوں اور دریاؤں میں طغیانی کے بعد سیلابی صورتحال کے باعث تباہ کاریوں کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
ریلیف کمشنر کی رپورٹ کے مطابق سیلابی حادثات میں مجموعی طور پر 97 شہری جان کی بازی ہار گئے جبکہ 4 ہزار 500 سے زائد دیہات متاثر ہوئے۔ صرف دریائے چناب میں آنے والے سیلاب نے 2 ہزار 334 دیہات کو لپیٹ میں لیا، دریائے ستلج میں 672 دیہات متاثر ہوئے جبکہ دریائے راوی کے اطراف 1 ہزار 482 موضع جات سیلابی ریلوں کی زد میں آئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 44 لاکھ 98 ہزار افراد براہِ راست متاثر ہوئے، جن میں سے 24 لاکھ 51 ہزار شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ سیلاب سے نمٹنے کے لیے متاثرہ اضلاع میں 396 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جہاں متاثرہ خاندانوں کو پناہ اور ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر نہ صرف انسانی جانوں کو نقصان پہنچا بلکہ 19 لاکھ سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
حکومتی اداروں کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں تاہم تباہ شدہ دیہات اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی ایک بڑا چیلنج ہے۔
