پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک کے نئے گانے "فوشیا سی” کے ٹیزر نے سوشل میڈیا پر زبردست ہلچل مچا دی ہے۔ زین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس گانے کے بول اور مختصر کلپ شیئر کیے ہیں جن میں ان کے ذاتی اور پیشہ ورانہ تجربات، خاص طور پر نسلی تعصب کا ذکر کیا گیا ہے۔
گانے کے بولوں میں زین نے بتایا کہ وہ ون ڈائریکشن بینڈ کے واحد ایشیائی رکن تھے اور انہیں نسلی تعصب کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ محنت کے باوجود ان کی نسلی شناخت پر سوالات اٹھائے گئے، جو ان کے لیے بہت مشکلات کا باعث بنے۔
یہ جذباتی اشعار خاص طور پر جنوبی ایشیائی مداحوں کے دل کو چھو گئے ہیں، جو زین کو بھرپور حمایت دے رہے ہیں۔ یہ ٹیزر اس وقت سامنے آیا ہے جب زین نے ون ڈائریکشن چھوڑنے کی دسویں سالگرہ پر خصوصی پرفارمنس دی تھی۔
اگرچہ گانا ابھی مکمل طور پر ریلیز نہیں ہوا، مگر اس کا ٹیزر موسیقی کی دنیا میں ایک اہم موضوع بحث بن چکا ہے۔ مداح اس گانے کی مکمل ریلیز کے بے صبری سے انتظار میں ہیں، جسے زین کی مشکل سفر اور کامیابی کی کہانی سمجھا جا رہا ہے۔
