نیویارک: پاکستان کے معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر کو پاکستانی امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی (PALES) کی جانب سے موسیقی اور ثقافت کے فروغ میں نمایاں خدمات پر ’کلچرل آئیکون ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔
ایوارڈ تقریب میں علی ظفر کے فن اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے اپنی موسیقی اور کام کے ذریعے پاکستانی ثقافت اور ملک کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ “فن کی طاقت سرحدوں سے بالاتر ہے اور یہ دلوں کو جوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔”
انہوں نے اپنے علی ظفر فاؤنڈیشن کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا جو پاکستان میں تعلیم کے فروغ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔
یہ ایوارڈ علی ظفر کے فنی سفر کا ایک اور نمایاں اعزاز ہے، جس کے ذریعے انہیں پاکستان کے ثقافتی سفیر کے طور پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
