راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 18 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلیں، جب کہ 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک بھر میں چھ الگ الگ کارروائیاں کی گئیں جن میں مجموعی طور پر 208.3 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی، جن کی مالیت تقریباً 18 کروڑ 43 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔
تعلیمی اداروں کے قریب کیے گئے خصوصی آپریشنز میں راولپنڈی جی ٹی روڈ پر ایک اسپتال کے قریب کارروائی میں 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جب کہ موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 600 گرام چرس ملی اور 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ طلبہ کو منشیات فروخت کرتے تھے۔
دیگر کارروائیوں میں چکلالہ راولپنڈی کے ایک کوریئر آفس سے برطانیہ سے آنے والے پارسل میں 144 گرام کینابس آئل برآمد ہوا، جس پر ایک شخص کو حراست میں لیا گیا۔ اسی طرح کراچی کے علاقے کورنگی بروکس چورنگی کے قریب 36 کلوگرام چرس، اور گجرات کے قریب چناب پل جی ٹی روڈ پر 19.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جہاں سے دو مزید ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
مزید برآں کوئٹہ کے ہزار گنجی ویسٹرن بائی پاس پر کارروائی کے دوران 150 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف امتناعِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
