نئی دہلی – بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار پرکاش راج نے اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں شہریوں کی ہلاکتوں پر وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی کو ’’مجرمانہ خاموشی‘‘ قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پرکاش راج نے فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے ایک اجتماع میں شرکت کی، جہاں انہوں نے فلسطینی رومال اوڑھ رکھا تھا جو دنیا بھر میں مزاحمت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرکاش راج نے کہا کہ انسانیت پر ظلم کے وقت خاموش رہنا بھی جرم ہے۔ انہوں نے کہا، ’’جب غزہ میں معصوم بچے، خواتین اور بزرگ مارے جا رہے ہیں تو خاموش رہنا بھی جرم ہے اور مودی اس جرم کے مرتکب ہیں۔‘‘
اداکار نے مزید کہا کہ بھارت کی موجودہ حکومت نے اس معاملے پر اخلاقی طور پر ناکامی دکھائی ہے اور کھل کر موقف اختیار نہیں کیا۔ انہوں نے امریکا پر بھی تنقید کی اور الزام لگایا کہ وہ اسرائیل کی کارروائیوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔
پرکاش راج نے سوال اٹھایا، ’’مودی بھارت کو وِشو گرو (دنیا کا رہنما) بنانے کی بات کرتے ہیں لیکن جب انسانیت لہو لہان ہے تو ان کی زبان کیوں بند ہے؟‘‘
فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف ایک فنکار کے طور پر بلکہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پرکاش راج نے کہا، ’’فنکار کی اصل ذمہ داری صرف اسکرین پر کردار نبھانا نہیں بلکہ سچ بولنا اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا بھی ہے۔‘
