وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بہتر انتظامی نظام
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق تجاویز زیرِ بحث ہیں اور اس حوالے سے مختلف حلقوں کی جانب سے آرا سامنے آ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر 12 صوبے بنانے کی تجویز ہے تو 12 صوبے بنا دیے جائیں، تاہم ان کا قیام زبان، نسل یا سیاسی مفادات کی بنیاد پر نہیں ہونا چاہیے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر چھوٹے انتظامی یونٹس کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ان کے مطابق صوبائی دارالحکومتوں لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں اختیارات کا ارتکاز انتظامی مسائل پیدا کر رہا ہے۔
خواجہ آصف نے زور دیا کہ اختیارات اور مالی وسائل کو نچلی سطح تک منتقل کیا جانا چاہیے تاکہ مقامی حکومتیں عوامی مسائل حل کرنے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے موجودہ مالیاتی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی جانب سے صوبوں کو فراہم کیے جانے والے فنڈز کا بڑا حصہ صوبائی حکومتوں کے پاس رہ جاتا ہے، جبکہ مقامی حکومتوں تک مطلوبہ وسائل نہیں پہنچ پاتے۔
وزیر دفاع نے پاکستان کے سابقہ انتظامی ڈھانچے ون یونٹ کا حوالہ بھی دیا اور افغانستان میں صوبائی انتظامی یونٹس کی تعداد میں اضافے کی مثال پیش کی۔
خواجہ آصف کے بیان کے بعد ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی ڈھانچے کی ازسرِنو تشکیل سے متعلق بحث ایک بار پھر اہمیت اختیار کر گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے قیام کا بنیادی مقصد بہتر طرزِ حکمرانی، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہونا چاہیے۔
