راولپنڈی — نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے سینیٹر فلک ناز کو مالی دھوکے میں نشانہ بنانے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان نے شوکت خانم اسپتال کے سی ای او کا جعلی روپ اختیار کرکے سینیٹر سے واٹس ایپ کے ذریعے 4 لاکھ 85 ہزار 500 روپے ہتھیا لیے۔
ڈیجیٹل ٹریکنگ کے بعد ضلع بہاولنگر میں کارروائی کرتے ہوئے محمد ندیم اور اسد فلق نامی دونوں ملزمان کو بستی گمے والا سے حراست میں لیا گیا۔
واقعے کا مقدمہ ایف آئی آر نمبر 308/2025 کے تحت پی پی سی کی دفعات 14، 34، 109، 419 اور 420 کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق واردات میں شامل دیگر ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش اور تفتیش جاری ہے۔
