نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور تعلیمی اداروں و صنعتی شعبے کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کراچی میں ڈریمز نیٹ ورک اینڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے خصوصی ریکروٹمنٹ ڈرائیو کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقریباً 50 طلبہ نے انٹرویوز میں حصہ لیا۔
اس موقع پر ڈریمز نیٹ ورک اینڈ ٹیکنالوجی کے منیجر ایچ آر زیشان رؤف اور ایچ آر ایگزیکٹو سیدہ دعا ہاشمی نے امیدواروں کے انٹرویوز کیے۔ بھرتی کے عمل کے لیے الیکٹریکل، الیکٹرانکس، میکاٹرونکس، سی آئی ٹی اور سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کے ڈپلومہ ہولڈرز سمیت تیسرے سال کے طلبہ کو مدعو کیا گیا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین گورننگ باڈی علیگڑھ انسٹیٹیوٹ محمد اکبر علی خان نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسے اقدامات نہ صرف طلبہ کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں مدد دیتے ہیں بلکہ ملک کی صنعتی اور معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
کنوینر علیگڑھ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر جعفر نذیر عثمانی نے کہا کہ ادارے کا مقصد طلبہ کو جدید فنی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ انہیں عملی زندگی کے تقاضوں سے بھی ہم آہنگ کرنا ہے۔
پرنسپل علیگڑھ انسٹیٹیوٹ انجینئر ڈاکٹر محمد کاشف شیخ نے اس اقدام کو طلبہ کے روشن مستقبل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی ترجیح صرف فنی تعلیم فراہم کرنا نہیں بلکہ طلبہ کو عملی زندگی اور روزگار کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا بھی ہے۔
اس پروگرام میں علیگڑھ انسٹیٹیوٹ کے شعبہ گائیڈنس سینٹر نے طلبہ کی کیریئر رہنمائی اور پیشہ ورانہ ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ شعبہ ڈائیل نے صنعتی ادارے سے رابطہ کاری اور بھرتی کے عمل کو منظم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سیشن میں شریک طلبہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے تعلیم اور صنعت کے درمیان فاصلے کم کرنے اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع سے منسلک کرنے کی جانب علیگڑھ انسٹیٹیوٹ کی ایک مؤثر کاوش قرار دیا۔
