امریکی شہر نیو اورلینز کی بندرگاہ نے دریائے مسیسیپی میں آئل ٹینکر اور مسافر بردار کروز شپ کے درمیان تصادم کے بعد 10 لاکھ ڈالر سے زائد ہرجانے کے لیے مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
یہ حادثہ 13 نومبر 2026 کو پیش آیا، جب Atlantic Asphalt نامی ٹینکر نیو اورلینز کے تھالیا اسٹریٹ ٹرمینل پر کھڑے مسافر بردار جہاز American Heritage سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں کروز شپ الٹ گیا اور جزوی طور پر دریا میں ڈوب گیا۔
رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت کروز شپ پر تقریباً 197 مسافر اور عملے کے افراد سوار تھے۔ تمام افراد کا سراغ لگا لیا گیا، جبکہ 32 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کی حالت تشویش ناک نہیں بتائی گئی اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
نیو اورلینز کی بندرگاہ نے ٹینکر کی مالک کمپنی Nave Shipping SA اور اس کی انتظامی کمپنی Thome Ship Management Pte Ltd کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔
مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متعلقہ کمپنیوں کی غفلت اور حفاظتی اقدامات میں ناکامی کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ بندرگاہ نے ٹرمینل کی مرمت، صفائی، معائنے اور دیگر اخراجات کی مد میں ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔
وفاقی عدالت کے ایک جج نے ٹینکر کو تحویل میں لینے کی بھی اجازت دے دی ہے، جسے نقصان کی رقم وصول کرنے کے لیے فروخت کیا جا سکتا ہے۔
حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹینکر کے اسٹیئرنگ سسٹم میں خرابی پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حادثے کے باوجود کروز شپ پر سوار تمام افراد کی جانیں بچ جانے پر حکام نے امدادی کارروائی کو "مسیسیپی کا معجزہ” قرار دیا ہے۔
