کراچی کے ضلع کیماڑی میں اسٹریٹ کرائم اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف جاری مہم کے تحت تھانہ پاک کالونی کی حدود میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے شیرشاہ کیبل مارکیٹ، پیچ منڈی اور جہان آباد کے علاقوں میں واقع بدنامِ زمانہ گٹکا/ماوا کے کارخانے پر چھاپہ مارا۔
کارروائی کے دوران مرکزی ملزم عمر فاروق موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جو اس سے قبل بھی گٹکا/ماوا کے متعدد مقدمات میں مفرور رہ چکا ہے۔ تاہم، پولیس نے عمر فاروق کے دو کارندوں کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت محمد عاقب ولد محمد آصف اور انور ولد یعقوب کے نام سے ہوئی ہے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے تیار شدہ گٹکا/ماوا اور اسے تیار کرنے کا بھاری مقدار میں سامان برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد ہونے والے سامان میں بڑے ڈرم، ٹب، چھالیاں، چونا، مختلف برانڈز کی پتی، ریپرز اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔
یہ کارروائی ایس ایس پی کیماڑی کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ پاک کالونی سب انسپکٹر انور علی اور اسٹریٹ کرائم پولیس نے ایک مخبر کی اطلاع پر انجام دی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم محمد عاقب کے خلاف پہلے بھی مقدمہ درج ہے، جس کی تفصیل ایف آئی آر نمبر 180/24، دفعہ 4/8 گٹکا/ماوا، تھانہ پاک کالونی ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف نیا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
