وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت نے آن لائن ٹیکسی سروس کے خلاف مسافروں کی جانب سے گزشتہ تین برس میں دائر کی گئی ہراسانی شکایات کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی محتسب فوزیہ وقار نے کمپنی کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے سات روز کے اندر جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ محتسب نے کمپنی سے استفسار کیا ہے کہ آیا ادارے میں کوئی انکوائری کمیٹی موجود ہے، اور ہراسانی کی شکایات نمٹانے کے لیے اندرونی طریقۂ کار کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔
ایک واقعے میں ڈرائیور کی جانب سے خاتون مسافر سے نامناسب گفتگو اور گاڑی کو غلط سمت موڑنے کے الزام کے بعد کمپنی کے حفاظتی نظام اور اینٹی ہراسمنٹ میکنزم کی جانچ بھی شروع کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے کمپنی سے عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے۔
خاتون مسافر نے متعلقہ ڈرائیور کے خلاف باقاعدہ ہراسانی کی شکایت دائر کر رکھی ہے، جس پر تحقیقات جاری ہیں۔
