امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیریئر سفارت کار نیٹلی بیکر کو پاکستان میں امریکا کی نئی سفیر نامزد کر دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق نیٹلی بیکر کی نامزدگی 9 نومبر کو منظوری کے لیے امریکی سینیٹ کو بھیج دی گئی ہے۔ سینیٹ کی منظوری کے بعد وہ باضابطہ طور پر پاکستان میں امریکی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھال سکیں گی۔
نیٹلی بیکر کون ہیں؟
نیٹلی بیکر اس وقت اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں ناظم الامور (Chargé d’Affaires) کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے جنوری 2025 میں سابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی روانگی کے بعد یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔
اس سے قبل وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی سفارت خانے کی ڈپٹی چیف آف مشن رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے لیبیا، کویت اور دبئی میں بھی اہم سفارتی عہدوں پر کام کیا ہے۔
تعلیمی قابلیت
نیٹلی بیکر نے امریکا کی پرنسٹن یونیورسٹی سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کی، جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کیا ہے۔
وہ امریکی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل وار کالج سے بھی فارغ التحصیل ہیں۔
اب آگے کیا ہوگا؟
نیٹلی بیکر کی نامزدگی اب امریکی سینیٹ کے منظوری کے عمل سے گزرے گی۔ اگر سینیٹ نے ان کی تقرری کی توثیق کر دی تو وہ 2025 کے آغاز میں ڈونلڈ بلوم کی روانگی کے بعد پاکستان میں امریکا کی پہلی مستقل سفیر ہوں گی۔
ان کی نامزدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور علاقائی امور پر سفارتی روابط جاری ہیں۔
