معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سحر حیات نے گلوکار سمیع رشید سے طلاق کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ یہ انکشاف انہوں نے انسٹاگرام پر ایک سوال و جواب کے سیشن کے دوران کیا۔
سحر حیات نے بتایا کہ وہ اور سمیع رشید اب ایک ساتھ نہیں ہیں تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان کی بیٹی ایرہ ہمیشہ اپنے والد کی بیٹی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کو والد اور والدہ دونوں کا احترام سکھائیں گی اور کبھی بھی ایرہ کو والد سے ملاقات سے نہیں روکیں گی۔
سحر کے مطابق اس طرح کے معاملات ذاتی خواہشات سے نہیں بلکہ پاکستان کے قانون کے مطابق طے پانے چاہئیں۔ انہوں نے مداحوں سے گزارش کی کہ ان کی ذاتی زندگی کو مزید زیر بحث نہ لایا جائے اور ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔
یاد رہے کہ سحر حیات اور سمیع رشید نے دسمبر 2022 میں شادی کی تھی۔ دونوں کی ایک بیٹی ہے جو فی الحال سحر کے ساتھ رہتی ہے۔ چند ماہ قبل ان کی طلاق کی خبریں گردش میں آئیں جن کی سمیع رشید نے تردید کی تھی، تاہم اب سحر نے طلاق کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
