پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح فور (Fatah-IV) گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیع شدہ فاصلے کے حامل ورژن کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جسے ملکی دفاعی شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح فور میزائل جدید ایویانکس اور جدید ترین نیویگیشن سسٹمز سے لیس ہے۔
فوج کے مطابق یہ میزائل طویل فاصلے پر موجود اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس تجربے کے دوران میزائل کے مختلف نظاموں کے تکنیکی پہلوؤں کو بھی جانچا گیا، جن کا مقصد نشانہ لگانے کی درستگی اور میزائل کی بقا کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔
اس کامیاب تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران، سائنس دانوں اور میزائل کی تیاری میں شامل انجینئرز نے کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے اس کامیابی پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی۔
یہ کامیاب تجربہ دفاعی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری اور پاکستان کی روایتی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔
