کوئٹہ – بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بلوچستان اسمبلی کے رکن رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح بلوچ جاں بحق ہو گئے۔
ایس پی پنجگور کے مطابق واقعہ ولید صالح بلوچ کے گھر کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ لاش کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور ڈی آئی جی مکران ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق ولید صالح بلوچ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے۔
