شہرِ قائد کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار پر پیٹرول بم سے حملہ کیا گیا، تاہم وہ محفوظ رہے۔
حکام کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائی جاری تھی کہ اس دوران نامعلوم شخص نے اسسٹنٹ کمشنر پر پیٹرول بم پھینکا۔ پیٹرول بم قریب موجود ایک دکان کے پاس گرا جس سے آگ بھڑک اٹھی۔
ابتدائی اقدامات کے ذریعے آگ پر فوری طور پر قابو پا لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق حملے کے باوجود تجاوزات کے خلاف آپریشن مکمل کیا گیا۔
