کراچی شہر کے علاقے مومن آباد چوک پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات گئے پیش آیا، جس میں ملزمان نے اندھا دھند گولیاں برسا کر تین افراد کو نشانہ بنایا۔
واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، تاہم فوری طور پر ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور کرائم سین یونٹ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مختلف پہلوؤں سے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
