ٹریفک پولیس کے دعووں کے باوجود کراچی میں ٹریفک حادثات میں کمی نہ آسکی، جہاں شہری روزانہ سڑکوں پر جان سے ہاتھ دھونے پر مجبور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گڈاپ ٹاؤن تھانے کی حدود میں سپر ہائی وے دنبہ گوٹھ کے قریب ایک تیز رفتار کرولا گاڑی نے اسکوٹی کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں اسکوٹی پر سوار دو خواتین پل سے نیچے جا گریں۔
حادثے میں دونوں خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکین بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہوگئے، جبکہ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے بھی موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ایک خاتون کو قریب ترین اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دوسری زخمی خاتون کو تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت 20 سالہ سمرا شیخ دختر حاتم شیخ کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی خاتون 37 سالہ رابعہ ناز دختر شاہد علی بتائی گئی۔ دونوں خواتین بحریہ ٹاؤن کی رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے ٹیچرز تھیں۔
ایس ایچ او گڈاپ سٹی سرفراز جتوئی نے بتایا کہ دونوں خواتین بحریہ ٹاؤن سے شہر کی جانب آ رہی تھیں کہ دنبہ گوٹھ کے قریب تیز رفتار گاڑی نے انہیں ٹکر ماری، جس کے بعد وہ پل سے نیچے جا گریں۔ ان کے مطابق دونوں خواتین شہر میں کسی کوچنگ سینٹر یا نجی تعلیمی ادارے میں پڑھاتی تھیں۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو قبضے میں لے لیا اور ڈرائیور کاشف عزیز کو گرفتار کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
