کراچی: ڈیفنس پولیس نے فیز سیون ایکسٹینشن کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے بعد وائٹ کرولا گینگ کے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں تین ملزمان فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔ زخمی ملزمان کی شناخت علی اصغر، واجد اور محمد شبیر کے ناموں سے ہوئی، جبکہ دو دیگر ساتھی ماجد سلطان اور ابراہیم کو بغیر مزاحمت کے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے سفید رنگ کی کرولا کار، چار موبائل فون، ایک لیپ ٹاپ، نائن ایم ایم پستول اور دو تیس بور پستول برآمد ہوئے۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان متعدد وارداتوں میں ملوث اور مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کا سابقہ ریکارڈ بھی تفصیل کے ساتھ چیک کیا جا رہا ہے۔
زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
