16 جون، 2025
معروف گلوکار عاصم اظہر ایک بار پھر خبروں کی زیننت بن گئے جب حالیہ کنسرٹ کے دوران کچھ شائقین نے ان کی سابقہ منگیتر میرب علی کا نام بلند آواز میں پکارا، جس پر گلوکار نے انتہائی شائستہ اور سنجیدہ انداز میں ردِعمل دیا۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب عاصم اظہر پہلی مرتبہ منگنی ٹوٹنے کے بعد کسی بڑے عوامی ایونٹ میں پرفارم کر رہے تھے۔ ہجوم میں موجود چند نوجوانوں نے بار بار "میرب” کا نعرہ لگایا تو عاصم نے جذبات پر قابو رکھتے ہوئے مائیک پر نہایت باعزت لہجے میں کہا، "براہِ کرم کسی لڑکی کا اس انداز میں نام نہ لیں، سب کی فیملی ہوتی ہے۔”
عاصم اظہر اور میرب علی کا تعلق تقریباً تین سال تک قائم رہا، جہاں وہ نہ صرف نجی محفلوں بلکہ تہواروں اور خاندانی تقریبات میں بھی ایک ساتھ دکھائی دیتے تھے۔ ان کی جوڑی کو مداحوں نے بے حد پسند کیا، اسی لیے ان کے درمیان علیحدگی کی خبر نے مداحوں کو چونکا دیا۔ اس سے قبل بھی عاصم کا اداکارہ ہانیہ عامر سے تعلق اور اس کا انجام خبروں اور سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر چکا تھا۔
عاصم کے اس شائستہ انداز نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔ ایک صارف نے لکھا، "آدھی زندگی تو عاصم کو اپنی سابقہ محبوباؤں کے نام کنسرٹ میں سن کر گزارنی پڑے گی۔” جب کہ دوسرے نے کہا، "عاصم نے جس وقار سے معاملہ سنبھالا، وہ قابلِ ستائش ہے۔”
تاہم کچھ لوگوں نے طنزیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ "جب اپنی ذاتی زندگی خود سوشل میڈیا پر عام کی جائے تو پھر ایسے ردِعمل کے لیے تیار بھی رہنا چاہیے۔”
واقعے نے ایک بار پھر اس بحث کو جنم دیا ہے کہ مشہور شخصیات کی نجی زندگی اور عوامی ردِعمل کے درمیان حد کہاں کھینچی جائے؟ مگر ایک بات طے ہے کہ عاصم اظہر نے جس وقار اور سنجیدگی سے صورتحال کو سنبھالا، وہ فنکاروں کے لیے ایک مثبت مثا
ل بن گئی ہے۔
