کراچی – کورنگی کرسچن ٹاؤن میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک گھر کی بالکونی سے نومولود بچی کی لاش ملی۔ گھر والوں کا کہنا ہے کہ جب بچی ملی تو اس میں سانسیں موجود تھیں اور ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ اس کی پیدائش کچھ ہی دیر قبل ہوئی ہے۔
گھر کے مکین کرسٹوفر جاوید نے ایکسپریس کو بتایا کہ صبح پونے سات بجے کے قریب ان کی والدہ کام پر جا رہی تھیں تو بالکونی میں ایک شاپنگ بیگ میں بچی نظر آئی۔ بیگ ہٹانے پر بچی کا سر دکھائی دیا اور سانسیں محسوس ہو رہی تھیں۔ اطلاع پر محلے داروں اور کونسلر کو بلایا گیا اور فوراً 15 پولیس اور ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی گئی۔
گھر والوں کے مطابق شبہ ہے کہ کسی نے عقب میں موجود کسی اونچے گھر سے بچی کو قریبی کچرا کنڈی میں پھینکنے کی کوشش کی، لیکن بچی اس کے بجائے ان کے گھر کی بالکونی میں آ گری۔
اطلاع پر زمان ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچی اور بچی کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا۔
ایس ایچ او زمان ٹاؤن نفیس الرحمان نے بتایا کہ مددگار 15 کو اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو بچی مردہ حالت میں تھی۔ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ بچی کو اوپر سے پھینکا گیا ہے، تاہم حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے دو مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ بچی کا پوسٹ مارٹم جناح اسپتال میں جاری ہے تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ پولیس نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد مقدمہ درج کرکے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جائے گی۔
