پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کرتے ہوئے ایک بڑی کامیابی اپنے نام کرلی۔
قائدِ اعظم ٹرافی کے فائنل میں 76 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر شان مسعود اس سنگِ میل تک پہنچے۔
شان مسعود یہ کارنامہ انجام دینے والے پاکستان کے 31ویں بیٹر بن گئے ہیں۔
ادھر قائدِ اعظم ٹرافی فائنل کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر سیالکوٹ نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 12 رنز بنا لیے۔
اوپنرز اذان اویس 7 اور محمد ہریرا 5** رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ کراچی بلیوز نے سیالکوٹ کے لیے کامیابی کا 533 رنز کا ہدف مقرر کیا ہے۔
اس سے قبل کراچی بلیوز نے دوسری اننگز میں 458 رنز اسکور کیے، جس میں ہارون ارشد کے 116 اور عبداللّٰہ فضل کے 114 رنز نمایاں رہے۔
سیالکوٹ کی جانب سے اسامہ میر نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد حسنین نے 3 اور حمزہ نذر و حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلی اننگز میں کراچی بلیوز نے 340 رنز بنائے تھے، جبکہ سیالکوٹ کی ٹیم 266 رنز تک محدود رہی تھی۔
