کراچی: سندھ کابینہ نے کراچی میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور شہری سہولیات کے فروغ کے لیے تقریباً 11.2 ارب روپے مالیت کے بڑے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبے بھر کے مختلف ترقیاتی اور مالیاتی امور کا جائزہ لیا گیا۔
کابینہ نے کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت 11 غیر ترقیاتی (نان اے ڈی پی) انفراسٹرکچر اسکیموں کی منظوری دی، جن کی مجموعی لاگت 11.198 ارب روپے ہے۔ منصوبوں میں شہر کی اہم شاہراہوں اور ٹرانسپورٹ کوریڈورز کی بحالی اور توسیع شامل ہے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے اور شہری رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
منظور شدہ منصوبوں میں حاجی ابراہیم عیسیٰ روڈ، حاجی کیمپ روڈ، کورنگی لنک روڈ، کلفٹن کے مختلف رابطہ سڑکوں، کورنگی کریک ایئربیس روڈ، گلزارِ ہجری میں جناح ایونیو کی توسیع اور بلدیہ اسٹیڈیم روڈ کی تعمیر و بحالی شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد شہر کے مختلف علاقوں کے درمیان سفری سہولتوں میں بہتری لانا اور بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کو کم کرنا ہے۔
کابینہ نے شمالی کراچی کے پاور ہاؤس چورنگی اور سرجانی ٹاؤن کے فور کے چورنگی پر دو اہم پلوں کی تعمیر کی بھی منظوری دی۔ حکام کے مطابق یہ منصوبے شہری آمدورفت کو بہتر بنانے اور ٹریفک جام کے مسائل میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ ابتدائی مرحلے میں منصوبوں کے آغاز کے لیے 56 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کراچی کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، عوامی سہولیات کے فروغ اور ترقیاتی فنڈز کے شفاف استعمال کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبوں پر بروقت اور معیاری عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد ان کے ثمرات حاصل ہو سکیں۔
یہ منظوری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سندھ حکومت کراچی میں ٹریفک، سڑکوں کی خستہ حالی اور شہری انفراسٹرکچر سے متعلق مسائل کے حل کے لیے بڑے پیمانے پر ترقیاتی اقدامات کو تیز کر رہی ہے۔
