سیول — عالمی شہرت یافتہ کورین پاپ بینڈ کے رکن جنگ کوک نے ایک نجی مصروفیات کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا ذکر کرتے ہوئے مداحوں پر زور دیا ہے کہ وہ فنکاروں کی ذاتی زندگی اور حدود کا احترام کریں۔ پیر، 27 جولائی کو مداحوں کی موبائل ایپ پر لائیو سیشن کے دوران گلوکار نے بتایا کہ وہ حال ہی میں کورین فلم ‘ہوپ’ اکیلے دیکھنے گئے تھے۔ سینما سے باہر نکلتے وقت کچھ مداحوں نے انتہائی شائستگی سے ان کے ساتھ تصاویر کھنچوانے کی اجازت مانگی، جس پر وہ خوشی خوشی راضی ہو گئے کیونکہ ان کا انداز بہت باادب تھا۔ تاہم، اس کے کچھ ہی دیر بعد ایک مقامی بیکری میں انہیں ایک انتہائی ناخوشگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔
جنگ کوک نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جب وہ بیکری سے روٹی خرید رہے تھے، تو اچانک ایک نامعلوم شخص ان کے بالکل سامنے آ کر کھڑا ہو گیا اور بغیر اجازت مانگے ان کے چہرے کے عین سامنے کیمرہ کر دیا۔ کورین اسٹار نے لائیو نشریات کے دوران افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شخص چاہے کسی بھی عمر یا ملک کا ہو، اس طرح چہرے پر کیمرہ مسلط کر دینا انتہائی بدتمیزی اور غیر مہذب عمل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک مشہور شخصیت ہونے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ان کی نجی زندگی کا احترام نہ کیا جائے، اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی یہ بات اس متعلقہ شخص تک ضرور پہنچے گی۔
