کراچی: گلوکار عاطف اسلم نے اپنی نئی البم ’صبح آئے نہ‘ کی ریلیز کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں فہد مصطفیٰ، عاصم اظہر، طلحہ انجم اور ہانیہ عامر سمیت شوبز اور موسیقی کی کئی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کی خاص بات صرف مہمانوں کی تعداد نہیں بلکہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ان فنکاروں کا ایک ہی جگہ جمع ہونا تھا۔ عاطف اسلم کے ساتھ عاصم اظہر، طلحہ انجم اور فہد مصطفیٰ بھی نظر آئے، جبکہ تقریب کی ویڈیوز میں انہیں اسٹیج پر گاتے اور موسیقی سے لطف اندوز ہوتے دیکھا گیا۔
پاکستانی موسیقی میں عاطف اسلم کے طویل سفر، عاصم اظہر کی پاپ موسیقی، طلحہ انجم کی ہپ ہاپ میں مقبولیت جبکہ ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ کی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں نمایاں موجودگی نے تقریب کو خاص بنا دیا۔
’صبح آئے نہ‘ عاطف اسلم کی چوتھی اسٹوڈیو البم ہے، جو 31 جولائی کو ریلیز ہوئی۔ یہ 2008 میں ریلیز ہونے والی ان کی البم ’میری کہانی‘ کے بعد تقریباً 18 برس بعد ان کا پہلا مکمل اسٹوڈیو البم ہے۔
آٹھ گانوں پر مشتمل یہ البم ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ تقریباً دو دہائیوں کے دوران عاطف اسلم فلمی موسیقی، کوک اسٹوڈیو اور بین الاقوامی دوروں میں مصروف رہے۔
عاطف اسلم اس سے قبل اپنی نئی البم کے حوالے سے کہہ چکے ہیں کہ وہ تجارتی نوعیت کے منصوبوں سے کچھ فاصلے کے بعد دوبارہ اپنی پسند کی موسیقی لکھنے اور ترتیب دینے کی طرف واپس آنا چاہتے تھے۔
ان کے موسیقی کے سفر میں ’جل پری‘ جیسی کامیاب البم بھی شامل ہے، جو 2004 میں ان کا پہلا البم تھا اور جس میں ’عادت‘ اور ’وہ لمحے‘ جیسے گانے شامل تھے۔ اس کے بعد ’دوری‘ سمیت ان کی متعدد کامیاب ریلیزز سامنے آئیں۔
’صبح آئے نہ‘ کی تقریب نے عاطف اسلم کی نئی موسیقی کی جانب واپسی کو مزید نمایاں کردیا اور پاکستان کی موجودہ موسیقی و شوبز انڈسٹری سے وابستہ مختلف نسلوں اور شعبوں کے فنکاروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر اکٹھا کردیا۔
